عمان،29/جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا) قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے شیخ خالد بن خلیفہ بن عبدالعزیز آل ثانی کو وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کی ذمہ داری سونپی ہے۔ اس سے قبل امیرِ قطر نے وزیراعظم شیخ عبداللہ بن ناصر بن خلیفہ آل ثانی کا استعفیٰ منظور کر لیا تھا۔خالد بن خلیفہ بن عبد العزیز آل ثانی نے 11 نومبر 2014 کو شاہی دیوان کے سربراہ کا منصب سنبھالا تھا۔ اس سے قبل وہ شیخ تمیم کے اقتدار سنبھالنے کے وقت سے اُن کے دفتر کے ڈائریکٹر کے عہدے پر اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔خالد بن خلیفہ 1968 میں دوحہ میں پیدا ہوئے اور انٹرمیڈیٹ تک تعلیم قطری دارالحکومت میں ہی حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے 1993 میں امریکہ سے بزنس ایڈمنسٹریشن میں گریجویشن کیا۔خالد بن خلیفہ نے عملی کیریئر کی ابتدا قطر ایل پی جی لمیٹڈ کمپنی سے کی۔ وہ 2002 تک وہاں کام کرتے رہے۔ اس کے بعد شیخ خالد وزیراعظم کے نائب اول کے دفتر میں ذمہ داریاں انجام دینے کے لیے منتقل کر دئے گئے۔ یہاں انہوں نے 2002 سے 2006 تک کام کیا۔مارچ 2006 میں شیخ خالد اُس وقت کے ولی عہد تمیم بن حمد کے دفتر میں شاہی بیورو سے منسلک ہو گئے۔ انہیں 11 جولائی 2006 کو شیخ تمیم کے پرسنل سکریٹری کے دفتر کا سربراہ مقرر کیا گیا۔ بعد ازاں 9 جنوری 2007 کو انہوں نے اس وقت کے ولی عہد شیخ تمیم بن حمد کے دفتر کے ڈائرکٹر کا عہدہ سنبھالا۔